Kamyabi ky bad imtehan

کامیابی کے بعد امتحان




اکیس برس سے مسلسل اقتدار میں رہنے والے 69 سالہ طیب اردوان آخرکار باون فیصدووٹ لیکر تیسری بار ترکیہ کے صدر منتخب ہو گئے ہیں پارلیمان کی چھ سو نشستوں پر پہلے ہی حکومتی ا تحاد کو اکثریت حاصل ہوچکی ہے جبکہ مدمقابل چھ جماعتی اپوزیشن اتحاد کے متفقہ امیدوارکمال کل چی داراوغلوجو ایک چوہترسالہ ریٹائرڈ بیوروکریٹ ہیں 48 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پررہے اِس میں شائبہ نہیں کہ حالیہ الیکشن نو منتخب صدر کی سیاسی زندگی کا مشکل ترین تھاکیونکہ اسلام پسندوں کی حمایت کے باوجود چودہ مئی کو پچاس فیصد ووٹ نہ لے سکے مگر 28مئی کو دوسرے مرحلے کے دوران آخرکارجیت گئے اور جیت چاہے چند ووٹوں سے ہی کیوں نہ ہو جیت بہرحال جیت ہوتی ہے اُن کی جیت سے مغربی میڈیا اور امریکہ میں مایوسی کی فضا ہے عام قیاس یہ ہے کہ آئندہ پانچ برس بھی ترکیہ کے خارجہ تعلقات میں تبدیلی کے بجائے اپنی پسند کے مطابق ہی رکھیں گے اب دیکھنا یہ ہے کہ ملکی مسائل حل کرنے کے امتحان میں بھی کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں کامیابی سے سرشار نومنتخب صدرعالمی رہنماؤں سے مبارکبادی پیغامات وصول کرنے جبکہ اُن کے حامی سڑکوں پر فتح کا جشن منانے میں مصروف ہیں مگر ذہن نشین رکھنے والی بات یہ ہے کہ بے شمار ایسے مسائل ہیں جو فوری توجہ کے متقاضی ہیں وگرنہ خوشی کادورانیہ کم ہوسکتاہے موجودہ صدرکو جولائی 2016میں فوجی بغاوت کے ذریعے ہٹانے کی کوشش کی گئی مگر انھوں نے دارالحکومت سے باہر ہونے کے باوجودنصف شب کے قریب ایک مختصر خطاب کے ذریعے عوام سے گھروں سے نکلنے کی اپیل کی اِس اپیل پر لاکھوں لوگ سڑکوں پر آگئے اور فوجی ٹینکوں کے آگے لیٹ کر فوجی بغاوت کو ناکام بنادیاجس کے بعد نہ صرف ملک سے فوجی بغاوتوں کا سلسلہ ختم ہوچکاہے بلکہ بغاوتوں کو عدلیہ کی طرف سے جواز فراہم کرنے کا امکان بھی ختم ہو گیاہے۔
رواں ماہ چودہ مئی کوہونے والے صدارتی انتخابات میں بطور امیدوار نو منتخب صدر 49.5ووٹ لیکر اول رہے جبکہ حزبِ اختلاف کے چھ جماعتی اتحاد کے امیدوار کل چی داراغلو 44.8ووٹ لیکردوسرے نمبر پر آئے تیسری پوزیشن پر رہنے والے امیدوار سینان اغان کل ڈالے گئے ووٹوں کا محض 5.2 فیصدحاصل کر سکے ترکیہ کی تاریخ کایہ پہلا صدارتی انتخاب ہے جس میں پہلے مرحلے کے دوران کوشش کے باوجود کوئی امیدوار کامیابی حاصل نہ کر سکا دوسرے مرحلے کی فتح کو آسان بنانے میں چودہ مئی کو تیسرے نمبر پر آنے والے امیدوار کا کلیدی کردار ہے اگر یہ اپوزیشن اتحاد کے امیدوار کی حمایت کرتے تو طیب اردوان شایدہی جیت پاتے مگر اپوزیشن کی طرف جانے کے بجائے حکومتی امیدوار کا ساتھ دینے سے انتخابی پانسہ ہی پلٹ گیااور طیب اردوان کی تیسری بار صدربننے کی راہ ہموارہوگئی بیس برس کے دوران وہ کوئی انتخاب نہیں ہارے اور مسلسل جیت رہے ہیں انھیں یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ چودہ مئی 2003 سے لیکراگست 2014تک وزیرِ اعظم کے منصب پر بھی فائز رہے اگست2014 میں پہلی بارملک کے بارہویں صدرکی حیثیت سے حلف اُٹھایا استنبول بلدیہ کے سربراہ کے طورپر بہترین انتظامی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور فلاحی کاموں سے ملنے والی شہرت
نے اُنھیں ملکی سطح کا رہنما بنادیا اُن کے دوراقتدار میں تعلیم،سائنس وٹیکنالوجی،معیشت،صحت جیسے میدانوں سمیت ہرشعبہ زندگی میں ترکیہ نے ایسی بے مثال ترقی کی کل کا مرد بیمار ترکیہ آج کا مردآہن بن گیاہے ترکیہ دنیا کی تیزی سے اُبھرتی ایسی معیشت ہے جو جی ڈی پی کے حوالے سے دنیا کی ستارہویں بڑی معیشت ہے اِس ملک کا ارب پتیوں کے حوالے سے دنیا میں چوتھا نمبر ہے یہ ملک ہر سال آنے والے تین کروڑ سیاحوں سے 22 ارب ڈالرکی خطیررقم کماتا ہے تعمیراتی صنعت چین کے بعد دوسرے نمبر پر شمار ہوتی ہے اِس ملک کی 33 ایسی کمپنیاں ہیں جو دنیا بھر کی سب سے بڑی کمپنیوں میں شمار کی جاتی ہیں یہ ترقی اردوان کی پالیسیوں کی مرہونِ منت ہے 9جولائی 2019 کو صدارتی نظام کے نفاذکے بعد پہلے صدر کے طورپرحلف اُٹھاکر اختیارات سنبھالے ویسے عملی طورپر2014سے اب تک اسی عہدے پر موجودہیں وہ اِس وقت مسلم دنیا کے نمایاں رہنماؤں میں سے ایک ہیں کیونکہ عالمی سطح پر مظلوم مسلمانوں کے لیے اُن کی آوازہمیشہ توانا اور پُرجوش رہی ہے مگرطویل عرصہ اقتدار میں رہنے کے باوجود اگر داخلی مسائل حل کرنے میں اب بھی ناکام رہے تو عوام میں بے زاری و اضطراب پیداہونا فطری بات ہے اپوزیشن امیدوار کے حاصل کردہ ووٹ کافی حیران کُن ہیں جس کا مطلب ہے کہ ترک عوام آجکل بے زاری و اضطراب کے دوراہے پر کھڑے ہیں اگر عوامی اعتماد بحال رکھنا ہے تو داخلی مسائل بھی حل کرنا ہوں گے۔
ترکیہ اِس وقت کئی اندرونی اور بیرونی مسائل کے بھنورمیں ہے نہ صر ف کرنسی کی قدرگررہی ہے بلکہ تباہ کُن زلزلے سے صنعتی و زرعی پیداوار بھی متاثر ہوئی ہے نو منتخب صدر نے زلزلہ متاثرین کو ایک برس میں 19ہزار گھر بنا کر دینے کے ساتھ گھریلو صارفین کو مفت قدرتی گیس فراہم کرنے اور پچیس کیوبک میٹر تک ماہانہ گیس استعمال کرنے والوں کو ایک برس تک مفت سہولت فراہم کرنے کا وعدہ کررکھا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ زوال پذیر ترک معیشت اتنی بڑی چھوٹ کی متحمل ہو سکتی ہے کیونکہ ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر بھی کم ہوتے جارہے ہیں ملک کے پہلے جوہری پلانٹ کی تکمیل،مقامی طورپر تیار کی گئی پہلی الیکٹرک کار،زمین پر نظر رکھنے کے لیے سیٹلائٹ کی لانچنگ،بحری دفاع کو بہتر بنانے کے لیے ملک کے سب سے بڑے جنگی جہاز کی تیاری اور جدید ترین ٹینک فوج کے حوالے کرناکارنامہ سہی مگر مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافے کا رجحان بھی ایک حقیقت ہے اگر پالیسیوں میں تبدیلیاں نہ لائی گئیں تو لامحالہ عوامی نفرت جنم لے گی۔
بظاہرسرد جنگ کا زمانہ نہیں مگر امریکہ اور چین مخاصمت میں اب کوئی ابہام نہیں رہا دونوں بڑی معاشی طاقتیں ایک دوسرے کو تجارتی و معاشی حوالے سے زیر کرنے کی تگ و دو میں ہیں اِس تگ ودومیں روس بھی امریکی مخالفت میں پیش پیش ہے جس سے تجارتی ومعاشی لڑائی مزید وسعت اختیار کرگئی ہے حیران کُن طور پرگزشتہ کئی برس سے ترکیہ نے اپنا وزن روسی پلڑے میں ڈال رکھا ہے جس پر امریکہ اور مغربی ممالک نے ایک سے زائد بار ناپسندیدگی کا اظہاربھی کیا اور سفارتی ذرائع سے پیغامات بھی دیے پھربھی نیٹو کا ممبر ہونے کے باوجود روس سے جدید ترین میزائل نظام خرید نے پرترکیہ نے نظرثانی نہیں کی شاید اسی وجہ سے 2016سے یورپی یونین میں شامل ہونے کے لیے تعطل کا شکار بات چیت کا عمل آج تک بحال نہیں ہو سکا نیٹو کی توسیع میں بھی ترکیہ کے تعاون میں سُستی واضح ہے سویڈن نے نیٹو کی رُکنیت کے لیے درخواست دے رکھی ہے لیکن منظوری کا عمل ترکیہ کی طرف سے رضامندی نہ ملنے کی بنا پر ہنوزنامکمل ہے مگریونان سے تنازعات کے باوجوداِس حقیقت کو جھٹلایا نہیں جا سکتا کہ ترک مصنوعات کے سب سے بڑے خریدار مغربی ممالک ہیں لہٰذا طیب اردوان کو حقیقت پسند ہو کر معاملات دیکھنا ہوں گے وگرنہ جتنی تاخیر ہوگی ملکی معیشت مزیدغیر ہموار ہوتی جائے گی۔
حالیہ صدارتی انتخاب کی اچھی بات یہ ہے کہ طیب اردوان کو اپنی پالیسیاں جاری رکھنے کا ایک اور موقع مل گیا ہے لیکن یہ موقع حاصل کرنے کی لیے اُنھیں کئی سخت مراحل سے گزرناپڑا ہے اقلیتی فرقے سے تعلق کے باجود حزبِ اختلاف کے امیدوار نے 48فیصدووٹ لیکرسب کو چونکا دیا ہے حالیہ انتخابی نتائج ترک معاشرے میں نمو پاتی اِس سوچ کا اظہار ہیں کہ وہ ملک میں موجود3.7 ملین شامی مہاجرین کو بوجھ تصور کرتے ہیں جس نے نہ صرف ملک کی معاشی حالت کمزور کی ہے بلکہ ر وزگار کے مواقع بھی کم کیے ہیں اردوان لاکھ کہانیاں سُنائیں اُنھیں شامی مہاجرین کے بارے بھی جلد کوئی ایسا فیصلہ کرنا ہوگا جس سے اُن کی اپنے وطن جانے کی راہ ہموار ہو وگرنہ حالیہ صدارتی انتخاب اُن کے سیاسی کردار کا اختتامی نکتہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

Leave a Reply