Wajbat na milny par radio Pakistan mulazameen ka ihtjaj

واجبات نہ ملنے پر ریڈیو پاکستان ملازمین کا احتجاج




ریڈیو پاکستان کے پندرہ سو سے زائد ملازمین ،پنشنرز‘ فنکاروں اور صدا کاروں نے تنخواہوں ‘ یومیہ مشاہرہ، پنشن کمیوٹیشن اور ہائیرنگ کی عدم ادائیگی پر اسلام آباد میں شاہرہ دستور اور لاہور میں پریس کلب کے باہر تین گھنٹے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین اور فنکاروںکے تمام واجبات کی ادائیگیوں کے اجرا کو عید الاضحیٰ تک یقینی بنایا جائے۔صورتحال یہ ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ جمعرات کو ریڈیو پاکستان پشاور کے دورہ کے موقع پر ریڈیو ملازمین کے مسائل سننے کے بعد 48گھنٹے کے اندر ان کی تنخواہیں ‘ پنشن اور دیگر واجبات ادا کرنے کا حکم دیا تھا لیکن وزارت خزانہ اور وزارت اطلاعات کی جانب سے ابھی تک اس ہدایت پہ عملدرآمد نہیں کیا گیا اور وزیر اعظم کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا گیا جس کی وجہ سے ریڈیو ملازمین کو احتجاج پر مجبور ہونا پڑا۔ریڈیو پاکستان ایک ایسا حکومتی ادارہ بن چکا ہے جس کے ملازمین کے مسائل پر حکومت کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔اس کے کئی ملازمین یومیہ اجرت پر بھی کام کرتے ہیں جس سے ان کی دال روٹی چلتی ہے اور اب اجرت نہ ملنے کے باعث وہ شدید مالی پریشانیوں کا شکار ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیر اعظم ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے ان تمام معاملات کا نوٹس لیں اور اپنے احکامات پر عملدرآمد کرائیں تا کہ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کو ممکن بنایا جا سکے۔

Leave a Reply