Qabil e tawaja qomi aur almi amoor

قابل توجہ قومی اور عالمی امور 




 یہ افواج پاکستان کیلئے بڑے فخر کی بات ہے کہ اقوام متحدہ کے امن مشن کے انڈر سیکرٹری نے یہ کہا ہے کہ امن مشن میں پاکستان نے تعمیری تعاون کیا ہے‘ انہوں نے اس ضمن میں پاکستان کی افواج کے کردار کی تعریف کی ہے ۔یہ امر خوش آئند ہے کہ ہم ایک مضبوط اور قابل اعتماد پاسپورٹ سسٹم تیار کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جو عالمی معیار کے برابر ہے‘ ای پاسپورٹ بین الاقوامی معیار پر پورا اترتا ہے اس سلسلے میں نادرا دفاتر میں30پاسپورٹ پروسیسنگ کاونٹرز کے قیام اور اسلام آباد میں ای پاسپورٹ کی سہولت کا آغاز کیا جا رہا ہے ان اقدامات سے پاسپورٹ فراڈ اور شناخت کی چوری کے خطرات میں نمایاں کمی آئے گی‘ ملک بھر میں آ ن لائن پاسپورٹ سسٹم کے ذریعے شہری پاسپورٹ دفاتر جائے بغیر پاسپورٹ کی تجدید کرا سکیں گے ۔خدا کا شکر ہے کہ رواں مالی سال گندم کی پیداوار 2 کروڑ 76 لاکھ ٹن ہوئی ہے جو آل ٹائم ریکارڈ ہے ‘ پارلیمانی جمہوریت ہو تو ایسی ہو کہ جو انگلستان میں ہے ‘ انگلستان کے ایک سابق وزیر اعظم بورس جانسن نے‘گزشتہ برس کورونا کی وباءکے دوران وزیر اعظم ہاﺅس میں ایک پارٹی کا اہتمام کیا تھا حالانکہ ان دنوں ہر قسم کے اجتماعات پر قانونی پابندی تھی‘ وہ پارٹی ان کے گلے پڑ گئی‘ اس جرم کی پاداش میں ان کو نہ صرف وزارت عظمیٰ کے منصب سے استعفیٰ دینا پڑا ‘اب انہوں نے ہاﺅس آف کامنز کی رکنیت سے بھی سنیاس لے لیا ہے۔روس آئندہ ماہ بیلا روس میں کم فاصلہ مار کرنے والے جوہری ہتھیار نصب کرنے والا ہے سوویت یونین ٹوٹنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ روس اپنے وار ہیڈز war heads ملک سے باہر نصب کرے گا، ادھر امریکا نے یوکرائن کے واسطے 2 ارب 10 کروڑ ڈالرز کے فوجی امدادی پیکج کا اعلان کر دیا ہے ‘کہنے کا مقصد یہ ہے کہ سپر پاورز نے پہلی اور دوسری جنگ عظیم میں ہونے والی تباہ کاریوں سے کچھ نہیں سیکھا اب بھی وہ اس قسم کے اقدامات اٹھا رہی ہیں جو ان کو امن کے بجائے جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں۔اور اب ذرا ذکر ہو جائے وطن عزیز کے چند دیگر اہم تصفیہ طلب معاملات کا ملک کے اندر سڑکوں پر ٹریفک کے حادثے بدستور بڑھتے ہی جا رہے ہیں جن میں روزانہ درجنوں کے حساب سے کئی افراد لقمہ اجل یا جسمانی طور پر معذور ہو رہے ہیں ‘ٹریفک پولیس تیز رفتاری سے گاڑیاں چلانے والوں کو نکیل ڈالنے میں بری طرح ناکام ہے اور تو اور وہ تو موٹر سائیکل سواروں کو مجبور نہیں کر سکی کہ وہ بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل نہ چلائیں مکینیکلی ان فٹ گاڑیاں سڑکوں پر چل رہی ہیں اور ان کو چلانے والوں پر ٹریفک پولیس ہاتھ نہیں ڈال رہی اسی طرح ابھی تک متعلقہ حکام ملک میں ممنوعہ بور کے اسلحہ کے استعمال کو روکنے کیلئے کوئی ٹھوس پالیسی نہیں بنا سکے جس کی وجہ سے ملک میں قتل و غارت کے واقعات میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔یہ جو پچھلے روز تیز بادو باراں نے ملک میں تباہی مچائی ہے یہ پیش خیمہ ہے اس سیلابی ریلوں کا کہ جن کے بارے میں محکمہ موسمیات کی یہ پیشنگوئی ہے کہ امسال موسم گرما میں گرمی کی حدت سے وطن عزیز میں گلیشیئر پگھل کر سیلابی شکل اختیار کر سکتے ہیں‘ مون سون بارشوں میں بھی شدت کی پیشن گوئی ہے ‘ارباب اقتدار کو ابھی سے حفظ ماتقدم کے طور پر وہ تمام ممکنہ اقدامات بروقت اٹھا لینے چاہئیں تاکہ ان قدرتی آفات سے کم سے کم نقصان ہو ۔

Leave a Reply